ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / سری نگر: پرتاب پارک میں گرینیڈ دھماکہ، 2 سیکورٹی اہلکار سمیت متعدد زخمی

سری نگر: پرتاب پارک میں گرینیڈ دھماکہ، 2 سیکورٹی اہلکار سمیت متعدد زخمی

Sun, 02 Feb 2020 21:16:41    S.O. News Service

سری نگر،2/فروری(ایس او نیوز/ یو این آئی) جموں وکشمیر کے گرمائی دارالحکومت سری نگر کے قلب میں واقع پرتاب پارک میں اتوار کو ہونے والے گرینیڈ حملے میں دو سیکورٹی اہلکاروں سمیت متعدد دیگر زخمی ہوگئے۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ مشتبہ ملی ٹنٹوں نے اتوار کو دوپہر کے قریب 12 بجکر 40 منٹ پر پرتاب پارک کے ایک کونے میں کھڑے سیکورٹی اہلکاروں کو نشانہ بناکر گرینیڈ داغا جس کے نتیجے میں دو سیکورٹی اہلکار اور کچھ عام شہری زخمی ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ زخمی اہلکاروں اور عام شہریوں کو فوری طور پر نزدیکی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔

اس گرینیڈ دھماکے کی وجہ سے ہر اتوار کو لگنے والے سنڈے مارکیٹ میں افراتفری مچ گئی اور ریگل چوک سے تاریخی گھنٹہ گھر تک کے حصے میں موجود لوگوں کو محفوظ مقامات کی طرف بھاگتے ہوئے دیکھا گیا۔ تاہم سنڈے مارکیٹ میں تجارتی سرگرمیاں کچھ منٹوں تک معطل رہنے کے بعد دوبارہ بحال ہوگئیں۔

دریں اثنا سی آر پی ایف کے پی آر او پنکج سنگھ نے یو این آئی اردو کو بتایا کہ دھماکے میں سی آر پی ایف کے دو اہلکار زخمی ہوئے جن کی شناخت حوالدار راجیو بسوال اور ایس کے پٹنایک کے طور پر ہوئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ زخمی اہلکار سی کمپنی 171 بٹالین سی آر پی ایف سے وابستہ ہیں۔


Share: